پنجاب کابینہ میں توسیع، رانا محمد اقبال اور منشاء اللہ بٹ نے وزارت کا حلف اٹھا لیا

06:12 PM, 13 Oct, 2025


لاہور: پنجاب کابینہ میں دو سینئر سیاستدانوں کو بطور صوبائی وزیر شامل کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں گورنر ہاؤس لاہور میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے رانا محمد اقبال اور منشاء اللہ بٹ سے حلف لیا۔

تقریب میں اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سمیت دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں کی شمولیت کو پنجاب حکومت میں تجربہ کار قیادت کے اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، مسلم لیگ (ن) کی مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر انوشے رحمان کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سینئر مشیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ ان کی تقرری سے توقع کی جا رہی ہے کہ صوبائی حکومت کے پالیسی امور میں مزید بہتری آئے گی۔

پنجاب حکومت کے ذرائع کے مطابق کابینہ میں یہ تازہ تبدیلیاں انتظامی صلاحیت کو مضبوط بنانے اور حکومتی امور کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے کی گئی ہیں۔

مزیدخبریں