غزہ : آج غزہ میں ایک اہم امن معاہدے کے تحت 1700 سے زائد فلسطینی قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جا رہا ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ پہنچ چکی ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی جیلوں سے بسوں میں سوار کر کے روانہ کیا گیا ہے، اور اسرائیل نے ابتدائی طور پر 7 یرغمالیوں کو رہا کیا ہے، جنہیں ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔
اس معاہدے کے مطابق، 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 1700 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کیا جائے گا۔ رہائی پانے والے فلسطینی قیدیوں کو غزہ کے جنوبی علاقے میں واقع النصراسپتال میں منتقل کیا جائے گا، جہاں انہیں عوامی استقبال کے لیے لایا جائے گا۔
حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈ نے اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے، اور خان یونس میں ان کی رہائی کے لیے تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب، مصر کے شہر شرم الشیخ میں آج اس امن معاہدے پر دستخط کی ایک باضابطہ تقریب ہو گی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔