ایران کا مصر کے امن اجلاس میں شرکت سے انکار، وزیرِ خارجہ کا شدید ردعمل

02:22 PM, 13 Oct, 2025

تہران : ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران مصر میں ہونے والے امن سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا کیونکہ وہ ان ممالک کے ساتھ بات چیت نہیں کرنا چاہتے جو ایرانی عوام پر حملے کر چکے ہیں، ہمیں دھمکیاں دے چکے ہیں اور ہمارے خلاف پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

عباس عراقچی نے ایکس (پہلے ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا کہ ایران کو شرم الشیخ میں ہونے والی کانفرنس میں مدعو کیا گیا تھا، لیکن ایران کے صدر یا حکومت کا کوئی نمائندہ ان ممالک کے ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کر سکتا جنہوں نے ایران کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔

یاد رہے کہ جون 2023 میں اسرائیل نے ایران کے میزائل ذخائر اور لانچنگ سائٹس پر حملہ کیا تھا، جس کے جواب میں ایران نے اسرائیل کے وسطی حصوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا تھا۔ امریکہ نے بھی ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے۔

غزہ جنگ بندی معاہدے پر بات کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران ہر اس کوشش کا خیرمقدم کرتا ہے جو غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کو روکنے اور اسرائیلی افواج کو وہاں سے نکالنے کی طرف لے کر جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران خطے میں امن قائم کرنے کے لیے ہمیشہ ایک اہم طاقت رہے گا۔

مزیدخبریں