پشاور : آج خیبرپختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب ہوگا، اور ووٹنگ کا عمل صبح 10 بجے شو آف ہینڈ کے ذریعے شروع ہو گا۔ اس انتخاب میں پی ٹی آئی کے سہیل آفریدی کے علاوہ 4 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان، پیپلزپارٹی کے ارباب زرک اور ن لیگ کے سردار شاہجہان شامل ہیں۔ تمام امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں۔
ادھر، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد وزیراعلیٰ کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں کیونکہ اپوزیشن جماعتیں کسی ایک امیدوار پر متفق نہ ہو سکیں۔ اس صورتحال میں پی ٹی آئی نے اپنے وزیراعلیٰ کو بلا مقابلہ منتخب کرانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں اور ن لیگ اور اے این پی سے تعاون کی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی وفد نے وفاقی وزیر امیر مقام اور اے این پی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے، تاہم دونوں جماعتوں نے اس معاملے پر مرکزی قیادت سے مشاورت کرنے کا کہا ہے۔