غزہ امن معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 2000 فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی تیاریاں مکمل

10:20 AM, 13 Oct, 2025

غزہ: غزہ امن معاہدے کے تحت آج 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 2,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا۔ حماس اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے اس تاریخی تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے علاقے دیرالبلاح پہنچ گئی ہیں۔ فلسطینی قیدی اسرائیلی جیلوں سے بسوں میں سوار ہو کر رہائی کی جگہ کی طرف روانہ ہو رہے ہیں۔

حماس کے مسلح ونگ، القسام بریگیڈ نے 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ خان یونس میں ان یرغمالیوں کی رہائی کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، اور وہاں عوام کی بڑی تعداد اس تاریخی لمحے کا گواہ بننے کے لیے جمع ہو گئی ہے۔

اس معاہدے کے تحت 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے 2,000 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا جائے گا، جن میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے فلسطینی، جنگ کے دوران بغیر کسی الزام کے گرفتار کیے گئے قیدی اور دو درجن بچے شامل ہیں۔

اسی دوران غزہ میں امدادی سامان سے بھرے ٹرک داخل ہو رہے ہیں، اور جن فلسطینیوں کو اسرائیلی کارروائیوں کے دوران جنوب سے بے دخل کیا گیا تھا، وہ واپس شمالی غزہ جا رہے ہیں۔ تاہم جب وہ اپنے گھروں تک پہنچتے ہیں، تو وہاں تباہی کے مناظر کا سامنا کر رہے ہیں، کیونکہ غزہ شہر بڑی حد تک ملبے میں ڈوب چکا ہے۔

آج مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی باقاعدہ تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔ اس معاہدے کو عالمی سطح پر ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جو غزہ میں جاری تشویش ناک صورتحال کے خاتمے کی امید پیدا کرتا ہے اور خطے میں دیرپا امن کے قیام کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

مزیدخبریں