امریکا کی بھارت سمیت دیگر ممالک کے 32 اداروں پر پابندیاں

01:59 PM, 13 Nov, 2025

واشنگٹن : امریکا نے ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کے حوالے سے 32 افراد اور اداروں پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ان افراد اور اداروں کا تعلق ایران کے ساتھ ساتھ یو اے ای، چین، ترکی، ہانگ کانگ، بھارت، جرمنی اور یوکرین سے بھی ہے، اور یہ سب ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام میں معاونت فراہم کرنے والے نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔

امریکا نے کہا ہے کہ یہ نیٹ ورک مشرق وسطیٰ اور بحیرہ روم میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل اور ڈرون پروگرام کی عالمی سطح پر پھیلائی جانے والی اثرات کو روکنے کے لیے امریکا اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر اقدامات کرتا رہے گا۔

امریکی حکام کے مطابق، یہ پابندیاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسی کی ایک کڑی ہیں، جو ایران کے میزائل پروگرام اور خطے میں اس کی تخریبی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے جاری رکھی جا رہی ہیں۔

یہ پابندیاں ایگزیکٹو آرڈر 13382 کے تحت عائد کی گئی ہیں، جو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ میں ملوث افراد اور نیٹ ورک کو نشانہ بناتا ہے، اور ایگزیکٹو آرڈر 13224 (ترمیم شدہ) کے تحت دہشت گرد گروپوں اور ان کے حامیوں پر پابندیاں لگانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں