وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت، اہم امور پر تبادلہ خیال

10:43 AM, 13 Nov, 2025

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہوگا، جس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور سلامتی سے متعلق اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران کابینہ کے ارکان وانا کیڈٹ کالج کے طلبہ کو کامیابی سے ریسکیو کرنے والی سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہیں گے اور انہیں خراجِ تحسین پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، اس اجلاس میں آئینی ترامیم کی روشنی میں مختلف قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دی جائے گی۔ ان ترامیم میں آرمی ایکٹ، نیوی ایکٹ اور ایئر فورس ایکٹ شامل ہیں، جو 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد نئے آئینی ڈھانچے کے مطابق کی جائیں گی تاکہ قانون میں ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔

کابینہ اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام سے متعلق قانونی پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور دیگر متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کی منظوری دی جائے گی تاکہ آئینی اصلاحات کا عمل بہتر اور جامع انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس کے دوران آئینی اور قانونی ماہرین کی مشاورت سے یہ تمام ترامیم شفاف اور قانونی دائرہ کار کے اندر کی جائیں گی۔ اجلاس کے بعد ان ترامیم اور قوانین میں کی گئی تبدیلیوں کی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں 27 ویں آئینی ترمیم کے بل میں شامل نئی ترامیم کی توثیق بھی کی جائے گی۔

مزیدخبریں