کیمبرج اے لیول کا پرچہ آؤٹ: پاکستان بھر میں میتھ کا امتحان منسوخ، 22 مئی کو نئی تاریخ کا اعلان ہوگا

09:27 PM, 13 May, 2026

کراچی:کیمبرج انٹرنیشنل نے پاکستان میں اے لیول ریاضی (میتھ) کے پرچے کے حوالے سے بڑا فیصلہ سناتے ہوئے 15 مئی کو ہونے والا امتحان منسوخ کر دیا ہے۔ یہ قدم کراچی میں پرچہ لیک ہونے کی تصدیق کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
کیمبرج حکام کی جانب سے کی گئی ابتدائی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ میتھ پیپر 32 زون تھری اور فور میں امتحان شروع ہونے سے پہلے ہی عام ہو گیا تھا۔ اس سنگین بدعنوانی کی تصدیق کے بعد کیمبرج نے فوری طور پر پرچہ منسوخ کرنے کا اعلامیہ جاری کیا۔
 کیمبرج کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ طلبہ کو اب یہ پرچہ دوبارہ دینا ہوگا۔ نئے امتحانی شیڈول کا اعلان 22 مئی تک کر دیا جائے گا۔امتحان دوبارہ ہونے کے باوجود نتائج کی حتمی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اے لیول کا رزلٹ 11 اگست کو ہی جاری ہوگا۔
کیمبرج حکام نے پرچہ لیک کرنے کو ایک "مجرمانہ اور غیر معمولی عمل" قرار دیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس مجرمانہ کارروائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی تاکہ امتحانی نظام کی ساکھ کو برقرار رکھا جا سکے۔

مزیدخبریں