صدر مملکت نے قومی ہیروز کو سول اعزازات سے نواز دیا؛ نوابزادہ نصر اللہ، شاہد آفریدی اور عطا الحق قاسمی سرفہرست

05:40 PM, 13 May, 2026

اسلام آباد : ایوانِ صدر میں تقسیمِ اعزازات کی ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ملک و قوم کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو نشانِ امتیاز، ہلالِ امتیاز اور دیگر سول اعزازات سے نوازا۔
تقریب میں باباِئے جمہوریت نوابزادہ نصر اللہ خان (مرحوم) کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بعد از مرگ ملک کا اعلیٰ ترین اعزاز 'نشانِ امتیاز' دیا گیا۔ اسی طرح معروف ادیب عطا الحق قاسمی اور عرفان صدیقی (مرحوم) کو بھی ادب کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر 'نشانِ امتیاز' سے سرفراز کیا گیا۔
حکومتی ٹیم کے اہم ارکان، وزیرِ توانائی اویس لغاری اور مشیرِ نجکاری محمد علی کو ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی پر 'ہلالِ امتیاز' دیا گیا۔ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سابق کپتان شاہد آفریدی اور نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف کو بھی 'ہلالِ امتیاز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب کا جذباتی پہلو شہدا کو ملنے والے اعزازات تھے؛ غیر معمولی جرات و بہادری دکھانے والے شہدا کے لواحقین نے صدرِ مملکت سے 'ہلالِ شجاعت' اور 'ستارہِ شجاعت' وصول کیے۔ اس کے علاوہ سائنس، ٹیکنالوجی اور خدمتِ عامہ کے شعبوں میں نمایاں کام کرنے والے ماہرین کو بھی ان کی انتھک محنت پر اعزازات سے نوازا گیا۔

مزیدخبریں