انمول پنکی دوبارہ پولیس کی تحویل میں: اعلیٰ عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم کر دیا، ڈی آئی جی ویسٹ نئے انکوائری آفیسر مقرر

11:57 AM, 13 May, 2026

کراچی:منشیات کی بدنام زمانہ ڈیلر انمول عرف پنکی کے کیس میں پولیس کی قانونی جدوجہد رنگ لے آئی۔ اعلیٰ عدالت نے ملزمہ کو جیل بھیجنے کا ماتحت عدالت کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اسے تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس حکام نے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ منشیات کے وسیع نیٹ ورک کی تفتیش کے لیے ملزمہ کا پولیس کی تحویل میں ہونا ضروری ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ملزمہ کو کراچی پولیس کے سپرد کر دیا۔

محکمہ پولیس نے کیس کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایس ایس پی ساؤتھ سے تحقیقات واپس لے کر ڈی آئی جی ویسٹ کو نیا انکوائری آفیسر نامزد کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ کے ساتھ پروٹوکول والے سلوک اور ضوابط کی خلاف ورزی پر بھی سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔
حکام نے غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کرنے کے لیے انکوائری شروع کر دی ہے اور انکوائری آفیسر سے تین روز میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی اہلکار کی ملی بھگت ثابت ہونے پر سخت سزا دی جائے گی۔

مزیدخبریں