قوم کا اپنے ہیرو کو سلام: لیاقت شہید کے لیے 'ستارہ شجاعت' کا اعتراف، اہل خانہ سرکاری پروٹوکول میں اسلام آباد روانہ

01:10 PM, 13 May, 2026

اسلام آباد / جنڈ:اپنی جان پر کھیل کر سینکڑوں زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے والے لیاقت شہید کی لازوال قربانی کا حق ادا کر دیا گیا۔ وزیراعظم کی سفارش پر صدرِ پاکستان نے شہید کے لیے بہادری کے بڑے سول اعزاز 'ستارہ شجاعت' کی منظوری دے دی ہے، جسے وصول کرنے کے لیے شہید کا خاندان آج وفاقی دارالحکومت پہنچ رہا ہے۔

لیاقت شہید (ولد کریم الٰہی) نے خودکش حملہ آور کو روک کر نہ صرف دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنایا بلکہ اپنی شجاعت سے ثابت کیا کہ وطن کے بیٹے ہر ناپاک عزائم کے سامنے ڈٹ جانے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ حکومتِ پاکستان کی جانب سے اس عظیم کارنامے پر انہیں ملک کے دوسرے بڑے سول اعزاز سے نوازا جا رہا ہے۔لیاقت شہید کے اہل خانہ جن میں ان کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی شامل ہیں، مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ اسلام آباد روانہ ہوئے۔ اس موقع پر اے سی جنڈ اور ایلیٹ فورس کا خصوصی دستہ ان کی حفاظت اور سہولت کے لیے ہمراہ ہے۔
یہ اعزاز اس بات کا ثبوت ہے کہ ریاست اپنے محسنوں کو کبھی فراموش نہیں کرتی۔ آج شام ہونے والی پروقار تقریب میں شہید کے وارثین یہ تمغہ وصول کریں گے، جو دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے پختہ عزم اور لیاقت شہید کی عظیم قربانی کی علامت بن کر چمکے گا۔

مزیدخبریں