جنید اکبر کا PAC چیئرمین شپ سے استعفیٰ: اندرونی سیاست میں تبدیلی یا حکمت عملی؟

03:26 PM, 13 May, 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی صفوں میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی جنید اکبر نے اپنی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ استعفیٰ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کے حوالے کیا اور عندیہ دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا جو بھی فیصلہ ہوگا، وہ قبول کریں گے۔

باوثوق ذرائع کے مطابق، عمران خان نے براہِ راست ہدایت کی تھی کہ جنید اکبر کو یہ عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ پارٹی کے اندر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مبینہ روابط، پالیسی اختلافات یا اندرونی صفائی کی طرف اشارہ کر سکتا ہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ استعفیٰ سے کچھ روز قبل جنید اکبر نے اسٹیبلشمنٹ سے رابطوں کا اعتراف کیا تھا، جس سے ان کے خلاف پارٹی کے اندر ناراضی بڑھی۔ سپیکر سردار ایاز صادق سے ان کی ملاقات بھی اس فیصلے کے پسِ منظر میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔

یہ استعفیٰ نہ صرف پی ٹی آئی کی پارلیمانی حکمت عملی پر اثر انداز ہو سکتا ہے بلکہ آنے والے دنوں میں پارٹی کے دیگر اہم عہدیداران کی پوزیشنز پر بھی سوالات اٹھا سکتا ہے۔

مزیدخبریں