مائیک ہیسن پاکستان کے نئے وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر ہوگئے

02:05 PM, 13 May, 2025

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے سابق کھلاڑی اور تجربہ کار کوچ مائیک ہیسن کو قومی کرکٹ ٹیم کا نیا وائٹ بال ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (ٹوئٹر) پر اس بات کا اعلان کیا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کئی امیدواروں کی درخواستوں کا جائزہ لینے کے بعد ہیسن کا انتخاب کیا گیا، اور وہ 26 مئی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔مائیک ہیسن ماضی میں نیوزی لینڈ ٹیم کے کوچ رہ چکے ہیں اور ان کی کوچنگ میں ٹیم نے 2015 ورلڈ کپ کا فائنل بھی کھیلا تھا۔ وہ آئی پی ایل کی ٹیم رائل چیلنجرز بنگلور کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔

پی ایس ایل 9 میں مائیک ہیسن نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ یہی ان کا پی ایس ایل میں پہلا سیزن تھا، جس میں انہوں نے خود کو ایک کامیاب کوچ کے طور پر منوایا۔ اس سے پہلے قومی ٹیم کے عبوری کوچ عاقب جاوید تھے، لیکن ان کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور وہ توسیع میں دلچسپی نہیں رکھتے۔

دوسری طرف سابق آف اسپنر سقلیین مشتاق بھی کوچنگ کی دوڑ میں شامل تھے، اور اب امکان ہے کہ انہیں بالنگ کوچ کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ پی سی بی کو امید ہے کہ ہیسن کے تجربے سے ٹیم کو سفید بال کرکٹ (ون ڈے اور ٹی20) میں فائدہ ہوگا۔

مزیدخبریں