اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ سیز فائر کئی ممالک کی سفارتی کوششوں کی کامیابی ہے۔ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت چین، سعودی عرب، یو اے ای، ترکیہ اور قطر کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ سیز فائر کے بعد دونوں ملکوں کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطہ بھی ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی فوجی تنصیبات کو ہدف بنایا اور بھارت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اسی لیے وہ مزید تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا۔
عطاء تارڑ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی ٹویٹ میں مسئلہ کشمیر کے حل میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جو ایک مثبت علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کو پانی کی فراہمی بند نہیں کی، نہ ہی اس کے پاس ایسا کرنے کی صلاحیت ہے، اس وقت پانی معمول کے مطابق فراہم کیا جا رہا ہے۔
پہلگام واقعے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس حملے پر افسوس اور تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی، لیکن بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے الزام تراشی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتنی بڑی فوجی موجودگی کے باوجود ایسا واقعہ پیش آنا بھارت کی سکیورٹی ناکامی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے اور ملک میں دہشت گردوں کی کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں۔ اس جنگ میں پاکستانی عوام، جوانوں اور افسران نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ آخر میں عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کی کامیابی واضح اور قابلِ فخر ہے۔