اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے باوجود پاکستان کی معیشت کو کسی بڑے مالی نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
ایک برطانوی خبر ایجنسی سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات کے باعث کسی نئے معاشی جائزے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ سے متعلق مذاکرات 14 سے 23 مئی تک جاری رہیں گے اور توقع ہے کہ بیل آؤٹ پیکیج کی قسط منگل کے روز مل جائے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تجارتی مسائل جلد حل ہو جائیں گے، اور حکومت کی کوشش ہے کہ امریکا سے کپاس، سویا بین اور ہائیڈرو کاربن جیسی اشیاء کی درآمدات میں اضافہ کیا جائے۔ بات چیت کے دوران انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت نے جو یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا تھا، اسے بحال کرنا ہوگا کیونکہ یہ خطے کے استحکام کے لیے اہم ہے۔