"معرکہ حق" کے دوران ہونے والی شہادتوں اور زخمیوں کی تفصیلات جاری ، آئی ایس پی آر

10:49 AM, 13 May, 2025

راولپنڈی  : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے "معرکہ حق" کے دوران ہونے والی شہادتوں اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ ترجمان کے مطابق، وطن کے دفاع میں پاک فوج اور فضائیہ کے 11 جوان شہید ہوئے، جب کہ 78 اہلکار زخمی ہوئے۔

آرمی کے 6 اور فضائیہ کے 5 اہلکار مادر وطن پر قربان ہوئے۔ شہداء میں نائیک عبدالرحمان، نائیک وقار خالد، لانس نائیک دلاور خان، اکرام اللہ، سپاہی عدیل اکبر اور نثار شامل ہیں۔ فضائیہ کے شہداء میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف، چیف ٹیکنیشن اورنگزیب، سینئر ٹیکنیشن نجیب، مبشر اور کارپورل فاروق شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 اور 7 مئی کو بھارتی فوج نے بلااشتعال حملے کیے، جن میں 40 عام پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں 7 خواتین اور 15 بچے بھی شامل ہیں۔ ان حملوں میں 121 افراد زخمی ہوئے، جن میں 27 بچے اور 10 خواتین شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء قوم کا فخر ہیں، ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور آئندہ کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں