پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام، بھارتی فوج نے اپنے میڈیا کو جھوٹا قرار دے دیا

09:55 AM, 13 May, 2025

نئی دہلی : بھارتی میڈیا نے ایک بار پھر پاکستان پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرونز بھارتی حدود میں داخل ہوئے ہیں۔ تاہم اس بار خود بھارتی فوج نے ان خبروں کی تردید کر دی، اور واضح طور پر کہا کہ پاکستان کی جانب سے کسی بھی ڈرون کی پرواز یا خلاف ورزی کی کوئی اطلاع موجود نہیں۔

بھارتی صحافی برکھا دت سمیت کئی میڈیا اداروں نے سوشل میڈیا اور ٹی وی رپورٹس میں دعویٰ کیا کہ جموں کے علاقے میں پاکستانی ڈرونز دیکھے گئے ہیں، اور اسے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریر سے جوڑنے کی کوشش کی گئی۔ لیکن بھارتی فوج نے فوری وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرحد پر صورتحال مکمل طور پر پُرامن ہے اور کسی قسم کی دراندازی یا سیز فائر کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔

ادھر پاکستانی سکیورٹی ذرائع نے بھی بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے سیز فائر معاہدے کی مکمل پاسداری کی ہے، اور اصل میں بھارتی ڈرونز ہی لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیز حرکات میں ملوث ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی میڈیا اکثر ایسے الزامات کے ذریعے داخلی سیاسی دباؤ سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس ہوتے ہیں۔

مزیدخبریں