اسلام آباد: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اداکارہ فرحانہ مقصود نے ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے معروف اداکار و پروڈیوسر ہمایوں سعید کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ناخوشگوار قرار دیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم میں ہوں شاہد آفریدی کے دوران ان کے ساتھ مناسب رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہیں اس منصوبے میں شامل کیا گیا تو انہیں آگاہ کیا گیا تھا کہ یہ ایک ٹیلی فلم ہے۔
فرحانہ مقصود کے مطابق جب وہ شوٹنگ کے لیے سیٹ پر پہنچیں تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ دراصل ایک مکمل فیچر فلم ہے۔ صورتحال واضح ہونے کے باوجود انہوں نے کام جاری رکھا کیونکہ ان کے بقول وہ فنکاروں کے درمیان تعاون کو اہم سمجھتی ہیں۔
اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ انہیں اس پراجیکٹ کا معاوضہ بھی ٹیلی فلم کے مطابق ادا کیا گیا، حالانکہ یہ ایک باقاعدہ فلم تھی۔ ان کے مطابق یہ بات ان کے لیے کافی حیران کن اور مایوس کن ثابت ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کی نمائش کے بعد جب اداکاروں کی فہرست جاری کی گئی تو اس میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔ ان کے بقول نہ صرف انہیں فلم میں کریڈٹ نہیں دیا گیا بلکہ تشہیری سرگرمیوں اور پریمیئر میں بھی انہیں مدعو نہیں کیا گیا، جسے وہ اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی قرار دیتی ہیں۔