لکی مروت : دہشت گردی کی حالیہ لہر میں خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس کی گاڑی کو آئی ای ڈی (IED) دھماکے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس میں ایس ایچ او سمیت پولیس کے 7 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
ڈی پی او لکی مروت کے مطابق، پولیس کی گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ گھات لگائے بیٹھے شر پسند عناصر نے دھماکا خیز مواد کے ذریعے گاڑی کو نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور اس میں سوار اہلکار موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
شہدا کے نام
ڈرائیور: شاہ بہرام
کانسٹیبل: شاہ خالد
اہلکار: حاجی محمد گل زادہ
اہلکار: سخی زادہ
کانسٹیبل: انصاف الدین (زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں شہید)
حملے کے فوری بعد پاک فوج اور پولیس کے خصوصی دستوں نے پورے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مفرور دہشت گردوں کے تعاقب میں قریبی علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن جاری ہے اور تمام خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد پولیس کا مورال گرا نہیں سکتے۔ قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جنہوں نے اپنی جان دے کر امن کی حفاظت کی۔