راولپنڈی: پاک فوج نے سرحد پار دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خلاف ایک بڑا ایکشن لیتے ہوئے "فتنہ الخوارج" کے نیٹ ورک کو جڑوں سے ہلا کر رکھ دیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق، افغانستان کے اندر دہشت گردوں کے مضبوط ٹھکانوں اور لاجسٹک مراکز پر کامیاب فضائی حملے کیے گئے ہیں۔
گزشتہ شب کی گئی انٹیلی جنس بیسڈ فضائی کارروائیوں میں دہشت گردوں کے چار اہم ترین مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ کابل میں دہشت گردوں کے زیرِ استعمال 313 کور کے انفراسٹرکچر کو مکمل طور پر ملیا میٹ کر دیا گیا۔ قندھار میں دہشت گردوں کے تراوو کیمپ کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ ایئر فیلڈ کی آئل سٹوریج سائٹ اور ملحقہ لاجسٹک ڈھانچے کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ صوبہ پکتیا کے علاقے شیرناؤ میں دہشت گردوں کے تربیتی کیمپ پر فضائی حملہ کر کے اسے ناکارہ بنا دیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق، پاک فوج نے شمالی وزیرستان کے سرحدی مقام صدق گاؤں میں دہشت گردوں کی دراندازی کی ایک اور بڑی کوشش کو بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیا۔ پاک فوج کے جوانوں کی مستعدی کے باعث دہشت گرد پاکستانی حدود میں داخل ہونے میں ناکام رہے اور بھاری جانی نقصان اٹھا کر پسپا ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف حاصل کر رہا ہے۔ یہ کارروائیاں اس بات کا واضح پیغام ہیں کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا اور دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سمیت ختم کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
ماہرین ان حملوں کو "فتنہ الخوارج" کے خلاف ایک فیصلہ کن موڑ قرار دے رہے ہیں، جس سے دہشت گردوں کی سپلائی لائن اور آپریشنل صلاحیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
سرحد پار کاری ضرب: پاک فوج کا 'آپریشن غضب للحق'، افغانستان میں فتنہ الخوارج کے اہم مراکز تباہ
02:55 PM, 13 Mar, 2026