خواجہ آصف کی حکومت کی ناکامیوں کا ذمہ دار پی ٹی آئی نہیں:اسد قیصر 

07:31 PM, 13 Mar, 2025

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر دفاع خواجہ آصف پر الزام عائد کیا ہے کہ اگر ان میں اخلاقی جرات اور شرم وحیا ہوتی تو وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہو جاتے۔ اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف کی سیاست کا محور پی ٹی آئی اور اس کے سوشل میڈیا پر حملے ہیں، جبکہ پاکستان کی موجودہ سیاسی اور معاشی مشکلات کا اصل ذمہ دار ان کی حکومت کی نااہلی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف نے ملک کی مشکلات کا تمام تر الزام پی ٹی آئی پر ڈالا ہے، حالانکہ یہ مسائل حکومتی ناکامیوں کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ پر حملے کیے ہیں اور ملک میں آئین، قانون اور اداروں کی عزت نہیں رہی۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار بند ہو گئے ہیں، بیروزگاری بڑھ رہی ہے، اور عوام میں مایوسی پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ملک کے مسائل کے حل کے لیے ایک واضح روڈ میپ دینا چاہیے تھا، مگر اس کے بجائے حکومت صرف پی ٹی آئی پر الزام لگا رہی ہے۔

سابق سپیکر نے خارجہ پالیسی پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، تاکہ پاکستان کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف بھی سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مزیدخبریں