پارلیمنٹ میں گفتگو کا حق سب کا ہے، ہمیں متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہیے: بیرسٹر گوہر علی

07:29 PM, 13 Mar, 2025

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ ملک اس وقت دہشت گردی کے سنگین خطرات کا سامنا کر رہا ہے، اور ہمیں اس مشکل وقت میں یکجہتی دکھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے بعد تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ بولان میں دہشت گردوں کی کارروائی کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز کے 4 جوان اور 20 مسافر شہید ہوئے ہیں، اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ بیرسٹر گوہر علی نے پاک فوج اور سکیورٹی فورسز کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ سکیورٹی فورسز نے آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کے حقوق پر بھی بات کی، اور کہا کہ اگر پوائنٹ آف آرڈر کی درخواست کی جائے تو اکثر اس پر وقت نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق پارلیمنٹ میں 130 دن سیشن ہونا ضروری ہے، لیکن آخری بار صرف 89 دن سیشن چلا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی کوئی قانون آتا ہے، اس پر بحث ضروری ہے اور رولز کی پاسداری کی جانی چاہیے۔ بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ ہمیں ماضی کو نظرانداز کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا، جس پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے ماضی کو بھولنے کی کوشش کی، لیکن آپ ہمیں ایسا کرنے نہیں دیتے۔

مزیدخبریں