وفاقی بجٹ 2026-27: کاروباری حلقوں کا خیرمقدم، معیشت کے لیے مثبت پیش رفت قرار

03:56 PM, 13 Jun, 2026

لاہور: یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرستِ اعلیٰ ایس ایم تنویر نے وفاقی بجٹ 2026-27 کو مجموعی طور پر مثبت اور معیشت کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ میں شامل ٹیکس ریلیف اقدامات، برآمدکنندگان پر سپر ٹیکس کے خاتمے کی تجویز، رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں ٹیکس میں کمی، دکانداروں کے لیے فکسڈ ٹیکس نظام اور تنخواہ دار طبقے کے لیے ریلیف معیشت میں بہتری کے لیے معاون ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری عرصہ دراز سے ایسے اقدامات کا مطالبہ کر رہی تھی جن کے ذریعے معیشت کو استحکام سے ترقی کی طرف لے جایا جا سکے۔ ان کے مطابق موجودہ پالیسی سمت کاروبار دوست ماحول کے فروغ کی عکاس ہے۔
ایس ایم تنویر نے دفاعی بجٹ میں اضافے کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ قومی سلامتی کے تقاضوں کے مطابق ہے۔ انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور معاشی ٹیم کو متوازن بجٹ پیش کرنے پر سراہا۔انہوں نے مزید کہا کہ رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں دی جانے والی رعایتیں متعدد ذیلی صنعتوں کو فعال کر سکتی ہیں، جس سے روزگار کے مواقع میں اضافہ اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔

مزیدخبریں