شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کے جاری آپریشن کے دوران بازیاب ہونے والے بچے کے دورانِ حراست پیش آنے والے مبینہ واقعات سے متعلق انکشافات کے بعد متعلقہ اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
بازیاب بچے اکرام اللہ کے مطابق والد کے انتقال کے بعد اسے مبینہ طور پر ایک مسلح گروہ کے افراد اپنے ساتھ لے گئے، جہاں اسے مختلف مقامات پر منتقل کیا جاتا رہا اور طویل عرصے تک حراست میں رکھا گیا۔
ذرائع کے مطابق بچے کے بیان میں سامنے آنے والے نکات کی روشنی میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں تاکہ مکمل صورتحال واضح کی جا سکے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں جبکہ متعلقہ نیٹ ورک کی نشاندہی اور خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔