اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مضبوطی اور ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ صوبوں کے اپنے معاشی وسائل پر حق کو مکمل طور پر تسلیم کیا جاتا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل میں صوبے کا حصہ کسی سے پوشیدہ نہیں، اور ریکوڈک منصوبے میں بلوچ عوام کے شیئرز اس کی واضح مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2010 کے این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا، جبکہ اس میں سب سے زیادہ حصہ پنجاب نے ڈالا۔ وزیراعظم کے مطابق گوادر سے چمن تک شاہراہ کی تعمیر پر 300 ارب روپے کی لاگت سے کام جاری ہے۔
شہباز شریف نے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود بات چیت کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، اپوزیشن ارکان آئیں اور ملک کے مسائل پر مل کر بات کریں۔