چارسدہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چارسدہ میں فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سنٹر شب قدر کا دورہ کیا اور ادارے کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر کو اسپیشل پروٹیکشن ونگ اور اینٹی رائٹ ونگ کی تربیتی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی، جو بیرون ملک سے آنے والے سٹیٹ گیسٹس کی سیکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار کی جا رہی ہیں۔
محسن نقوی نے اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیڈرل کانسٹیبلری کو مستقبل کے سیکیورٹی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مزید فعال اور پیشہ ور فورس کے طور پر ڈھالا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی نظام کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے تاکہ فورس کسی بھی صورتحال میں بہتر انداز میں اپنی ذمہ داریاں انجام دے سکے۔