اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک سنگین اور غیر ذمہ دارانہ قدم ہے جو پورے خطے کے لیے خطرہ بن سکتا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ایران پر بلااشتعال حملے سے خطے کی نازک صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، اور اس سے عالمی امن کو بھی خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری، خاص طور پر اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لے اور حالات کو مزید خراب ہونے سے روکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے اور کسی بھی قسم کی جارحیت کے خلاف ہے۔