اسلام آباد :اسلامی سربراہی کانفرنس کے خواتین سے متعلق وزارتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اور بااختیار بنانا مسلم دنیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کا معاشی اور سیاسی طور پر مضبوط ہونا پائیدار ترقی کے حصول کے لیے ناگزیر ہے، جبکہ خواتین اور بچیوں کو تعلیم، ترقی اور قیادت کے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ لاکھوں خواتین اور بچیاں آج بھی ترقی کی راہ میں مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کر رہی ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی پر فخر ہے اور پاکستان او آئی سی کی چیئرمین شپ ذمہ داری، اتفاق رائے اور تعاون کے جذبے کے ساتھ ادا کرے گا۔