لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 26 معطل اراکین کے موضوع پر حکومتی و اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان اہم بات چیت ہوئی ہے۔ دونوں فریقوں نے متعدد امور پر اتفاق کیا ہے اور اس معاملے کو بہتر بنانے کے لیے آئندہ تین چار دنوں میں ایک اور اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بات اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں ہونے والے دوسرے اجلاس میں سامنے آئی، جو تقریباً ڈیڑھ سے دو گھنٹے تک جاری رہا۔
اجلاس کے بعد اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر نے میڈیا کو بتایا کہ آج کی ملاقات میں فریقین کے بیچ مثبت تبادلہ خیال ہوا۔ جو نکات زیر بحث آئے ہیں، انہیں وہ اپنی پارٹی کے سامنے رکھیں گے۔ جلد ایک اور اجلاس بلایا جائے گا تاکہ معاملات کو حتمی شکل دی جا سکے۔
پنجاب کے وزیر خزانہ اور حکومتی رہنما مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ ہمارا مقصد اسمبلی میں سب ارکان کی عزت کو برقرار رکھنا ہے چاہے وہ حکومتی ہوں یا اپوزیشن۔ ہم چاہتے ہیں کہ یہ ایوان عوام کی حقیقی نمائندگی کرے۔
حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اتفاق کیا کہ وہ مل کر اسمبلی کی روایات کو زندہ کریں گے اور ایوان میں شور شرابے اور بدتمیزی کے رویے کو ختم کرنے کے لیے تعاون کریں گے۔