کیلیفورنیا: گوگل نے اپنی ای میل سروس "جی میل" کے ویب پلیٹ فارم پر ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اب طویل ای میل تھریڈز کا خلاصہ ایک نظر میں دیکھ سکیں گے۔
یہ سہولت پہلے مئی 2025 میں جی میل کی موبائل ایپ (iOS اور اینڈرائیڈ) میں پیش کی گئی تھی، تاہم اب اسے ویب ورژن میں بھی فعال کر دیا گیا ہے، جس سے دفتری اور پیشہ ورانہ صارفین کو نمایاں فائدہ ہوگا۔
نیا فیچر گوگل کے AI سسٹم "جیمنائی" کے ذریعے کام کرتا ہے، جو طویل گفتگو یا ای میل تھریڈز میں موجود بنیادی نکات کو الگ کر کے ایک جامع خلاصہ تیار کرتا ہے۔ یہ خلاصہ اب خودکار طور پر ای میل کے آغاز میں ظاہر ہوگا۔
یاد رہے کہ گوگل نے 2024 میں اپنی مختلف پروڈکٹس جیسے گوگل ڈاکس، شیٹس، سلائیڈز، ڈرائیو اور جی میل میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے سمری تیار کرنے کی سہولت متعارف کرائی تھی، جس کا مقصد صارفین کے وقت اور محنت کی بچت تھا۔
پہلے صارفین کو "سمری دیکھیں" والے بٹن پر کلک کرنا پڑتا تھا، لیکن اب اس کی ضرورت نہیں، کیونکہ خلاصہ ازخود نمایاں طور پر دکھائی دے گا۔ اس کے علاوہ، جیسے جیسے ای میل تھریڈ میں نئے پیغامات شامل ہوں گے، خلاصہ بھی اپڈیٹ ہوتا رہے گا۔
گوگل کے مطابق، یہ فیچر خاص طور پر اُن افراد کے لیے کارآمد ہے جو روزانہ درجنوں یا سینکڑوں ای میلز کا سامنا کرتے ہیں اور مؤثر انداز میں معلومات تک رسائی چاہتے ہیں۔