پنجاب حکومت نے لاہور میں فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے بڑا اقدام کر لیا

04:08 PM, 13 Jul, 2025

لاہور : پنجاب حکومت نے لاہور کے ہوائی اڈے کے آس پاس مسافر طیاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انتظامیہ، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔

حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ لاہور کے مختلف علاقوں کو نو برڈ زون یعنی ایسے علاقے جہاں پرندے نہ ہوں، بنایا جائے گا۔ اس کے لیے رنگ فینسنگ اور فضائی حفاظتی حصار قائم کیا جائے گا تاکہ پرندے طیاروں کے راستے میں نہ آئیں۔ ساتھ ہی ایئرپورٹ کے قریب موجود غیر قانونی مذبحہ خانوں اور پولٹری فارمز کو بند کر دیا جائے گا، کیونکہ ان سے پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے جو طیاروں کے لیے خطرہ ہے۔

مزید یہ کہ ہوائی اڈے کے قریب بیکریوں کو بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا کچرا صحیح طریقے سے ٹھکانے لگائیں۔ ایسے کاروبار جن سے پرندے اپنی طرف مائل ہوں گے، ان پر پابندی عائد کی جائے گی۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یہ اقدامات فضائی سفر کو زیادہ محفوظ بنانے اور انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فضائی حفاظتی حصار سے پرندوں اور طیاروں کے ٹکراؤ کے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی اور اس سے بہت سے حادثات روکنے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں