پاک بھارت معرکے سے پہلے ’مائینڈ گیمز‘ شروع: عثمان طارق کو روکنے کے لیے ایشون کے ’انوکھے مشورے‘

04:15 PM, 13 Feb, 2026

لاہور : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں روایتی حریفوں کے درمیان میچ ابھی شروع نہیں ہوا، لیکن پاکستان کے نووارد سپنر عثمان طارق نے بھارتی کیمپ میں کھلبلی مچا دی ہے۔ بھارتی بلے بازوں کو عثمان طارق کے ’مسٹری ایکشن‘ سے بچانے کے لیے تجربہ کار بھارتی سپنر روی چندرن ایشون میدان میں آ گئے ہیں اور اپنی ٹیم کو عجیب و غریب نفسیاتی حربے استعمال کرنے کا مشورہ دے ڈالا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے اپنے ایک بیان میں ایشون نے بھارتی بلے بازوں کو سکھایا ہے کہ عثمان طارق کی گیند بازی کے دوران ان کی تال (Rhythm) کو کیسے توڑا جائے۔ ایشون کا کہنا تھا اگر عثمان طارق بولنگ کے دوران اپنا مخصوص سٹاپ لیں، تو بلے باز کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر کریز سے ہٹ جائے اور امپائر سے شکایت کرے کہ وہ ڈسٹرب ہوا ہے۔ اس سے باؤلر پر ذہنی دباؤ بڑھے گا اور وہ اپنا کام ٹھیک سے نہیں کر پائے گا۔
بھارتی کھلاڑیوں اور میڈیا کی جانب سے عثمان طارق کے خلاف حالیہ مہم اس بات کی نشاندہی کر رہی ہے کہ وہ انہیں ایک بڑا خطرہ تسلیم کر چکے ہیں۔ بھارتی میڈیا عثمان طارق کے ایکشن کو مشکوک قرار دینے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ آئی سی سی کی لیب دو بار ان کے ایکشن کو قانونی اور کلیئر قرار دے چکی ہے۔
   کرکٹ ماہرین ومبصرین   کا ماننا ہے کہ ابرار احمد اور محمد نواز کے ساتھ عثمان طارق کی موجودگی نے پاکستان کے سپن اٹیک کو ورلڈ کپ کا مہلک ترین حملہ بنا دیا ہے۔بھارتی کرکٹ ماہرین عثمان طارق کو پاکستان کا ’اکا‘ قرار دے رہے ہیں، لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایشون کے یہ مشورے گراؤنڈ میں کام آئیں گے یا عثمان طارق کی ’مسٹری گیندیں‘ بھارتی بیٹنگ لائن کو ایک بار پھر تہس نہس کر دیں گی۔

مزیدخبریں