اسلام آباد: وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اپوزیشن کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ایک "مجرمانہ کوشش" ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیدی کی صحت پر سیاست کرنے کے بجائے حقائق پر توجہ دی جانی چاہیے۔
وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو میں کئی اہم انکشافات کیے۔طارق فضل چوہدری نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے خود ملاقات کے بعد ان کی مکمل صحت یابی کی تصدیق کی تھی۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے آنکھ کی تکلیف کا ذکر پہلی بار رواں سال جنوری کے پہلے ہفتے میں کیا، اس لیے اکتوبر سے طبیعت خراب ہونے کے الزامات سراسر غلط ہیں۔
حکومت کی جانب سے پیغام دیا گیا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور جہاں ضرورت پڑی، علاج معالجہ یقینی بنایا جائے گا۔
طارق فضل چوہدری نے زور دیا کہ حکومت کسی قسم کی بدنیتی نہیں رکھتی۔ چیف جسٹس آف پاکستان خود اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں، جس سے شفافیت واضح ہوتی ہے۔وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت عدالتی احکامات کی روشنی میں اپنی تمام ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
’حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا بند کیا جائے‘: وفاقی وزیر کا بانی پی ٹی آئی کی صحت پر اہم بیان
03:30 PM, 13 Feb, 2026