پاکستانی قیادت کی بنگلہ دیش کے انتخابات میں کامیاب بی این پی کو مبارکباد

09:57 AM, 13 Feb, 2026

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش میں حالیہ عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بنگلہ دیش کی عوام اور بی این پی اتحاد کو مبارکباد دی ہے۔ بی این پی نے انتخابات میں دو تہائی اکثریت حاصل کی ہے، اور طارق رحمان کی قیادت میں حکومت بننے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش نیشنل پارٹی (بی این پی) کی کامیابی پر طارق رحمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ اپنے جمہوری تعلقات اور باہمی ترقی کے عزم کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی عوام کو انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بھی دلی مبارکباد دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی طارق رحمان کو کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کی نئی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جا سکے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق، بی این پی اتحاد نے 300 نشستوں میں سے 212 پر کامیابی حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی اتحاد کو 70 نشستیں ملیں۔ نیشنل سٹیزن پارٹی صرف پانچ سیٹیں جیت سکی۔ انتخابات کا ٹرن آؤٹ 60 فیصد سے زائد رہا، اور 67 فیصد ووٹرز نے آئینی اصلاحات کے لیے ریفرنڈم میں حمایت ظاہر کی۔

جماعت اسلامی نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے مثبت سیاست اختیار کرنے کی بات کی ہے۔یہ انتخابی نتائج طارق رحمان کے وزیراعظم بننے کی راہ ہموار کر سکتے ہیں، اور بنگلہ دیش کی سیاسی صورت حال میں ایک نئی تبدیلی کا اشارہ دے رہے ہیں۔

مزیدخبریں