وہ عمل جس سے دنیا بھر میں اشیائ، سروسز، سرمایہ، لوگ، انفارمیشن اور نظریات پوری دنیا میں ایک ملک سے دوسرے ملک یا خطوں میں منتقل ہوتے ہیں اسے گلوبلائزیشن کہا جاتا ہے۔گلوبلائزیشن سے دنیا کی معیشتیں اور معاشرے ایک دوسرے کے نہایت قریب آ گئے ہیں۔ بیسویں صدی کی آخری دو دہائیوں میں گلوبلائزیشن کے عمل میں نمایاں تیزی آئی ہے جس بناء پر دنیا اب ایک گلوبل ولیج بن چکی ہے۔ دنیا نے گلوبل ولیج کی معیشتوں کو اوپن کرنے کے اہم تقاضے کو عالمی تجارتی تنظیم ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن تشکیل دے کر پورا کر دیا جس کے تحت آج کی دنیا میں آزاد تجارت کا نظام رائج ہے اور اب ملکوں کے درمیان تجارتی حوالے سے سرحدیں ختم ہو چکی ہیں۔ گلوبلائزیشن سے قبل ہمارے ملک میں اشیاء کی درآمد 150 سے 200 فیصد تک کسٹم ڈیوٹی عائد تھی لیکن آج یہ ٹیرف کم ہو کر زیرو سے 25 فیصد تک لایا جا چکا ہے۔
دنیا کے نئے تجارتی نظام کے تحت ہر ملک نے اپنی نئی مارکیٹیں بنائیں جو موزوں ترین کا وجود رہنا کے اصول پر مبنی ہے۔ پھر یہ بھی دیکھا کہ گلوبلائزیشن کے بینر کے نیچے حکومتوں نے وہ تمام شعبے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے کھول دئے جن کے دروازے اس سے قبل غیر ملکیوں کے لئے بند تھے۔ سروسز، ٹیلی کمیونیکیشن اور بینکاری سیکٹرز اس کی اہم مثالیں ہیں۔ پاکستان میں جس رفتار سے بڑے بین الاقوامی بینک چھوٹے پاکستانی بینکوں کو خرید کر ان کا بڑے بینکوں میں انضمام کر رہے ہیں ایسا کچھ دہائیاں پہلے سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا۔ گلوبلائزیشن اپنے ساتھ ٹیکنالوجی ، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ، جدت اور سکل لاتی ہے جس سے ایک صحت مند مقابلاتی ماحول پیدا ہوتا ہے۔ گلوبلائزیشن سے آج ایک خریدار اور فروخت کنندہ نہایت قریب آ گئے ہیں جس سے مڈل مین کا کردار کم ہو گیا ہے۔ مثال کے طور پر آج کل خریدار آن لائن بڈنگ کے
ذریعے سپلائرز کو اپنی پراڈکٹ ٹیکنیکل معلومات، مقدار، ڈلیوری شیڈول اور سودے کی دوسری شرائط ٹائمنگ بڈنگ کے ساتھ اطلاع کر دیتا ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک کے سپلائرز اس آن لائن بڈنگ میں شرکت کرتے ہیں۔ اپنی اپنی قیمتیں، ڈلیوری شیڈول اور دوسری شرائط کوٹ کرتے ہیں، قیمتوں کے بارے میں آن لائن بات چیت ہوتی ہے۔
گلوبلائزیشن کا ایک اہم فائدہ یہ بھی ہے کہ وہ ممالک جہاں ہنر مند لیبر کی کمی ہے وہ ان ممالک سے لیبر حاصل کرتے ہیں جہاں ہنر مند لیبر دستیاب ہوتی ہے مگر ان کے ہاں روزگار کے مواقع کم ہیں اور یہی ورکر بیرونِ ممالک جا کر دوسرے ملکوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مین پاور کی اس طرح منتقلی حکومتوں کی سطح پر ہوئی جس کے نتیجے میں لیبر بھیجنے والے ملک کو ترسیلاتِ زر کی شکل میں بیرونی زرِ مبادلہ حاصل ہوتا ہے۔ گلوبلائزیشن میں بیرونی مین پاور کی بہترین مثال متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب وغیرہ ہیں جہاں یہ سکلڈ ورکرز ان ممالک کے بالخصوص انفراسٹرکچر کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔کال سینٹرز جو آج کل جنوب مشرقی ایشیا میں کھولے جا رہے ہیں بھی گلوبلائزیشن کی ایک پراڈکٹ ہیں جس میں امریکہ نے ٹیلی فون کالز کی پیغام رسائی کو ایسے ممالک سے آؤٹ سورس کیا ہے جہاں پر لیبر سستی ہے۔ امریکی میڈیکل ڈاکٹرز آج کل میڈیکل ریکارڈ آؤٹ سورسنگ سے مینٹین کر رہے ہیں بلکہ آج کل امریکہ کے طلباء کو انڈیا سے کمپیوٹر کے ذریعے ٹیوشن فراہم کی جا رہی ہے جو امریکہ کے مقابلے میں فی گھنٹہ نہایت سستی ہے بلکہ یہاں سے ٹیوشن حاصل کرنے والے طلباء نے امریکہ سے ٹیوشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے مقابلے میں بہتر نتائج دئے ہیں۔
آزاد عالمی معیشت بالعموم غربت کے خلاف جنگ میں ایک ہتھیار کا کام کرتی ہے۔ اس سے نہ صرف سوسائٹی کے غریب طبقات کی آمدنی بڑھتی ہے بلکہ ان کی آمدنی کے لئے اضافی ذرائع بھی مہیا کرتی ہے۔ اس سے بین الاقوامی تجارت کے مواقع، نئی ملازمتوں کے امکانات اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری وغیرہ میں اضافہ ہوتا ہے۔ کچھ حد تک گلوبلائزیشن غریبی کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ یہ سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مواقع فراہم کرتی ہے، البتہ اس کے لئے ضروری ہے کہ مناسب پالیسیز اور حکمتِ عملی اپنائی جائے تا کہ یہ فائدے صحیح طریقوں سے تقسیم ہو سکیں۔ اگر مناسب پالیسیز اور انصاف پر مبنی نظام نہ ہو تو یہ عدم توازن کو مزید بڑھا بھی سکتی ہے۔
اگر ہم پاکستان کے حوالے سے دیکھیں تو یہاں گلوبلائزیشن سے معاشی تغاوت بڑھا ہے یعنی امیر اور غریب کی آمدنی میں عدم توازن پیدا ہوا ہے اور زیادہ فائدہ صرف چند بڑے اداروں یا امیر طبقے تک محدود ہو کر رہ گیا ہے اور اس کا اتنا فائدہ عام آدمی کو نہیں مل سکا۔ اس طرح یہاں کے عام افراد کا معیارِ زندگی اس حد تک ترقی نہیں کر پایا یعنی مجموعی طور پر معاشی ترقی ہوئی لیکن اس کے ثمرات یکساں طور پر تقسیم نہیں ہوئے۔یہاں گلوبلائزیشن سے نسبتاً درآمدات میں زیادہ اضافہ ہوا۔ مقامی صنعتیں اتنی ترقی نہیں کر پائیں جتنی ہونی چاہئے تھی۔ اس وجہ سے گلوبلائزیشن کے فوائد مکمل طور پر پاکستان کو مل نہیںپائے ۔ ان فوائد سے مستفید ہونے کے لئے مقامی صنعتوں کو مضبوط کرنا، تحقیق اور ترقی پر زیادہ توجہ دینا، تجارتی پالیسیوں کو بہتر بنانا اور عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل مصنوعات کی تیاری کرنا جیسے اقدامات کرنا تھے۔ اس کے علاوہ تعلیم اور ہنر کی بہتری پر زور دینا ضروری ہے تاکہ مقامی قوتِ کار عالمی معیار کے مطابق ہو۔اس طرح پاکستان بھی گلوبلائزیشن کے یکساں فوائد سے مستفید ہو سکتا ہے اورا س کے عوام معیارِ زندگی دیگر ترقی یافتہ ممالک کے عوام کے برابر ہو سکتا ہے۔
گلوبلائزیشن اور پاکستان جیسے ترقی پزیر ممالک
09:07 AM, 13 Feb, 2026