عاصمہ جہانگیر گروپ نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

09:41 PM, 13 Dec, 2025

پشاور/لاہور : پاکستان بار کونسل کے حالیہ انتخابات میں عاصمہ جہانگیر گروپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

پنجاب میں ہونے والی 11 نشستوں میں سے 8 پر عاصمہ جہانگیر گروپ نے فتح حاصل کی۔ باقی دو نشستوں پر حامد خان گروپ کے امیدوار کامیاب ہوئے، جبکہ ایک نشست کے نتائج ابھی تک زیر التواء ہیں۔

حامد خان گروپ کے سلمان اکرم راجہ اور شفقت چوہان پاکستان بار کونسل کے ممبر منتخب ہو گئے ہیں۔

عاصمہ جہانگیر گروپ کے منتخب ارکان میں اعظم نذیر تارڑ، احسن بھون، پیر مسعود چشتی، عامر سعید ران، طاہر ناصر اللہ وارث، حفیظ الرحمان چوہدری، ثاقب اکرم گوندل اور سید قلب حسن شامل ہیں۔

پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے حتمی نتائج 22 دسمبر کو جاری کیے جائیں گے۔

دوسری جانب، خیبرپختونخوا میں بھی پاکستان بار کونسل کے 4 ممبران کا انتخاب ہوا ہے۔ ان میں جمعیت علمائے اسلام کے نوید اختر ایڈووکیٹ، ملگری وکیلان کے رحمان اللہ شاہ ایڈووکیٹ، انصاف لائرز فورم کے ستار خان ایڈووکیٹ اور جماعت اسلامی کے وکلا ونگ آئی ایل ایم کے قاضی ارشد شامل ہیں، جو بار کونسل کے رکن منتخب ہوئے ہیں۔
 
 

مزیدخبریں