لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن رکن شیخ امتیاز محمود نے ڈرائیونگ لائسنس کی عمر کی حد 18 سال کے بجائے 16 سال کرنے کی قرارداد پیش کر دی ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور خاص طور پر پنجاب میں نوجوانوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اور انہیں قومی معیشت میں شامل کرنے کے لیے ڈرائیونگ کی عمر کو 18 سال سے کم کر کے 16 سال کیا جائے۔
شیخ امتیاز محمود کے مطابق، کینیڈا کے بیشتر صوبوں میں 16 سال کی عمر میں ڈرائیونگ کی اجازت دی جاتی ہے، جب کہ جرمنی میں 17 سال کی عمر میں لائسنس حاصل کیا جا سکتا ہے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں بھی نوجوانوں کو ترقی کے عمل میں شامل کرنے کے لیے ڈرائیونگ کی عمر 16 سال کر دی جائے۔
یہ قدم نوجوانوں کو معاشی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع فراہم کرنے اور ان کی ترقی کے عمل کو مزید تیز کرنے کی کوشش ہے۔