فیض حمید کے خلاف مزید قانونی کارروائی ہوگی، بانی پی ٹی آئی کے منصوبے میں اہم کردار؛خواجہ آصف

12:47 PM, 13 Dec, 2025

سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سابق آئی ایس آئی سربراہ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف مزید قانونی کارروائی متوقع ہے، جو بانی پی ٹی آئی کو اقتدار میں لانے اور نواز شریف کو ہٹانے کے منصوبے میں کلیدی کردار ادا کر چکے ہیں۔

نیوز کانفرنس کے دوران خواجہ آصف نے بتایا کہ فیض حمید پر 15 ماہ کی کارروائی کے بعد سزا سنائی جا چکی ہے اور اب دیگر الزامات پر بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیض حمید اب جنرل نہیں رہے اور ان سے جنرل کا ٹائٹل بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

خواجہ آصف نے الزام لگایا کہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید نے ملک کے ساتھ کھلواڑ کیا، مخالفین کو جیل میں ڈالا اور دھمکیاں دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کے پیچھے بھی فیض حمید اور پی ٹی آئی کارکنان کی سوچ تھی۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں فوج نے ملک کو محفوظ بنایا اور پاکستان کی عزت بین الاقوامی سطح پر قائم رکھی۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر طالبان سے مذاکرات کرنے اور انہیں پاکستان میں بسانے کا الزام بھی عائد کیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت اور فوجی قیادت نے ملک کو مشکل حالات سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا اور سازشی عناصر کی کوششوں کو ناکام بنایا۔

مزیدخبریں