پاکستان میں یوٹیوب اور پی ٹی سی ایل کی سروسز میں اچانک خلل

04:57 PM, 13 Aug, 2026

لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں یوٹیوب سمیت پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروسز متاثر ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث صارفین کو آن لائن سرگرمیوں میں رکاوٹ اور سست رفتار انٹرنیٹ کا سامنا ہے۔

آن لائن پلیٹ فارمز کی کارکردگی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں سے صارفین نے یوٹیوب کی رسائی میں دشواری اور انٹرنیٹ کنکشن سے متعلق شکایات درج کرائی ہیں۔

صارفین کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات میں انٹرنیٹ کی رفتار کم ہونے، کنکشن میں بار بار خلل آنے اور بعض آن لائن سروسز تک رسائی نہ ہونے کی اطلاعات شامل ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے ریکارڈ میں بھی اچانک رپورٹ ہونے والے مسائل کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز میں وسیع پیمانے پر تکنیکی رکاوٹ پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب پی ٹی سی ایل نیٹ ورک استعمال کرنے والے صارفین نے بھی کنیکٹیویٹی کے مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہوسکا کہ موجودہ خلل کس تکنیکی خرابی کے باعث پیدا ہوا۔

اب تک پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) یا پی ٹی سی ایل کی جانب سے سروس میں پیش آنے والے اس مسئلے کی وجہ اور اسے دور کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

مزیدخبریں