گوگل میپس میں محفوظ جگہوں کو ایک ساتھ چھپانے کی سہولت متعارف ہونے کا امکان

04:51 PM, 13 Aug, 2026

کیلیفورنیا: گوگل میپس دنیا بھر میں راستوں اور مختلف مقامات کی نشاندہی کے لیے استعمال ہونے والی مقبول نیوی گیشن ایپلی کیشن ہے، جس سے بڑی تعداد میں اسمارٹ فون صارفین روزانہ فائدہ اٹھاتے ہیں۔

ایپ میں صارفین کو اپنی پسند یا ضرورت کی جگہوں کو محفوظ کرنے کے علاوہ انہیں مختلف فہرستوں میں ترتیب دینے کی سہولت بھی حاصل ہے۔ یہ سیو کی گئی لوکیشنز گوگل میپس کے ’یو‘ سیکشن میں دیکھی جاسکتی ہیں۔

زیادہ تعداد میں مقامات محفوظ ہونے کی صورت میں بعض اوقات میپ پر موجود معلومات کا انٹرفیس غیر ضروری طور پر بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ موجودہ نظام میں صارفین کو ہر فہرست الگ الگ چھپانے کا آپشن دیا جاتا ہے۔

تاہم گوگل اب اس عمل کو سہل بنانے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق گوگل میپس کے تازہ بیٹا ورژن میں اس فیچر کی جھلک سامنے آئی ہے۔

نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنی تمام محفوظ شدہ لوکیشنز کو ایک جگہ دیکھ سکیں گے۔ اس مقصد کے لیے ’آل سیوڈ پلیسز‘ کے نام سے ایک الگ فہرست موجود ہوگی، جہاں تمام محفوظ مقامات یکجا نظر آئیں گے۔

رپورٹ کے مطابق فہرست کے ساتھ موجود تھری ڈاٹ مینو میں ’ہائیڈ آن یور میپ‘ کا نیا آپشن دیا گیا ہے۔ اس پر کلک کرنے سے صارف اپنی تمام سیو کی گئی جگہوں کو بیک وقت میپ پر نظر آنے سے روک سکے گا۔

آپشن منتخب کرنے کے بعد ایک تصدیقی پیغام بھی سامنے آئے گا، جس میں صارف کو محفوظ فہرستوں کو دوبارہ میپ پر ظاہر کرنے کا طریقہ بتایا جائے گا۔

یہ سہولت ابھی تجرباتی مرحلے میں ہے اور فی الحال محدود صارفین کے لیے بیٹا ورژن میں دیکھی گئی ہے۔ گوگل کی جانب سے اس فیچر کو عام صارفین کے لیے کب جاری کیا جائے گا، اس حوالے سے حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی۔

مزیدخبریں