نازیہ حسن کی 26ویں برسی، پاپ موسیقی کی دنیا کی یادگار آواز آج بھی زندہ

03:47 PM, 13 Aug, 2026

لاہور : پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی 26ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ اپنی دلکش آواز اور منفرد موسیقی کے باعث نازیہ حسن کو پاکستانی پاپ میوزک کی اہم ترین شخصیات میں شمار کیا جاتا ہے۔

کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن نے کم عمری ہی میں موسیقی کے میدان میں اپنی شناخت بنالی تھی۔ 15 سال کی عمر میں گایا گیا گیت ’آپ جیسا کوئی‘ ان کے لیے شہرت کا باعث بنا اور انہیں برصغیر میں نمایاں مقام حاصل ہوا۔

1981 میں بھائی زوہیب حسن کے ساتھ آنے والے البم ’ڈسکو دیوانے‘ نے دونوں کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔ البم کے گیت نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک میں بھی پسند کیے گئے اور نازیہ حسن کی آواز بین الاقوامی سطح پر سنائی دینے لگی۔

بعد ازاں ’بوم بوم‘، ’ینگ ترنگ‘ اور ’ہاٹ لائن‘ جیسے البمز نے نازیہ اور زوہیب کی جوڑی کو پاکستانی پاپ موسیقی کی تاریخ کا ایک یادگار حصہ بنا دیا۔

موسیقی کے علاوہ نازیہ حسن نے تعلیم اور سماجی شعبے میں بھی خدمات انجام دیں۔ انہوں نے قانون کی تعلیم حاصل کی اور 1991 میں یونیسیف کی ثقافتی سفیر کے طور پر بھی ذمہ داریاں ادا کیں۔

زندگی کے آخری برسوں میں نازیہ حسن کینسر کے مرض سے نبرد آزما رہیں۔ بالآخر 13 اگست 2000 کو لندن میں 35 سال کی عمر میں ان کا انتقال ہوگیا۔

نازیہ حسن کی زندگی مختصر ضرور تھی، لیکن ان کی موسیقی کا اثر آج بھی برقرار ہے۔ ان کے گیت نئی نسل کے شائقین میں بھی مقبول ہیں اور انہیں پاکستانی پاپ موسیقی کی ایک ناقابلِ فراموش آواز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں