ممبئی : بالی ووڈ اداکار سہیل خان کی حالیہ تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کر رہی ہیں، جن میں وہ پہلے کے مقابلے میں خاصے کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔ تصاویر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں تشویش پائی جارہی ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے سہیل خان کی صحت کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ کچھ افراد نے ان کی ظاہری کمزوری کو عمر سے منسلک کیا، جبکہ بعض نے جم اور سپلیمنٹس کے ممکنہ اثرات کا ذکر کیا۔
چند صارفین نے اداکار کی ذاتی زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں کو بھی ان کی موجودہ حالت سے جوڑنے کی کوشش کی، تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب زیادہ تر مداحوں نے قیاس آرائیوں کے بجائے سہیل خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کی دعائیں کیں۔ صارفین نے دوسروں کو بھی مشورہ دیا کہ غیر مصدقہ معلومات پھیلانے اور اداکار کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے۔
سہیل خان سے متعلق یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اس سے قبل ان کے بھائی سلمان خان کی کمزور حالت میں تصاویر بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آئی تھیں۔ بعد ازاں سلمان خان نے اپنی نئی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو جواب دیا تھا۔
سہیل خان اور سیما ساجدیہ نے 1998 میں شادی کی تھی، تاہم دونوں نے 2022 میں باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کرلی۔ ان کے دو بیٹے نیروان اور یوہان ہیں۔