لاہور: ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی جشنِ آزادی کی تیاریاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ لبرٹی چوک کو سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی قومی پرچموں کی بہار ہے۔
جشنِ آزادی کی مناسبت سے آج لبرٹی چوک میں شاندار میوزک شو منعقد کیا جائے گا، جس میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کرکے یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کراچی سے روانہ ہوگئی۔ کراچی کینٹ اسٹیشن پر روانگی سے قبل خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جہاں مہمانوں کا ڈھول اور شہنائیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا۔
ٹرین سفاری کے ذریعے سیاحوں کو سندھ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا جائے گا، جبکہ سفر کے دوران پاکستان بارڈر کی سیر بھی کرائی جائے گی۔ خصوصی ٹرین کا مقصد جشنِ آزادی کے ساتھ سندھ کی ثقافت اور سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا ہے۔