پاکستان، ناروے کا دوطرفہ تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق

11:19 AM, 13 Aug, 2026

اسلام آباد: ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے دفتر خارجہ پہنچے، جہاں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، قابلِ تجدید توانائی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور پاکستان و ناروے کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ کا دورہ 13 اور 14 اگست کو جاری رہے گا اور ایک دہائی کے دوران یہ کسی نارویجن وزیر خارجہ کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔

مزیدخبریں