والد کی وفات کے بعد میسی کی واپسی، انٹر میامی لیگز کپ سے باہر

02:25 PM, 13 Aug, 2026

ارجنٹینا : ارجنٹائن کے سٹار فٹبالر لیونل میسی والد خورخے میسی کی وفات کے بعد پہلی بار میدان میں واپس آئے، تاہم ان کی واپسی انٹر میامی کے لیے کامیابی نہ لا سکی اور ٹیم لیگز کپ سے باہر ہوگئی۔

لیگز کپ کے سنسنی خیز مقابلے میں میکسیکو کے کلب لیون نے انٹر میامی کو 3-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

انٹر میامی نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کرتے ہوئے پہلے برتری حاصل کی، لیکن لیون نے بھرپور انداز میں کم بیک کیا۔ کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ڈینیئل ارسیلا نے دو گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مضبوط کردی اور بالآخر لیون نے کامیابی حاصل کرلی۔

39 سالہ میسی اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کے بعد منگل کی شب فلوریڈا واپس پہنچے تھے۔ انہوں نے مقابلے کے دوسرے ہاف میں میدان میں قدم رکھا تو سٹیڈیم میں موجود شائقین نے تالیوں  کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔

میچ سے قبل میسی نے سوشل میڈیا پر اپنے والد کو یاد کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام بھی جاری کیا تھا۔ انہوں نے فٹبال کے حوالے سے اپنی موجودہ جذباتی کیفیت کا بھی اظہار کیا۔

لیگز کپ میں انٹر میامی کے لیے یہ ایک غیر معمولی ناکامی ہے، کیونکہ 2023 میں ٹورنامنٹ کے توسیع شدہ فارمیٹ کے آغاز کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ٹیم ابتدائی مرحلے میں ہی مقابلے سے باہر ہوگئی ہے۔

میسی کی قیادت میں انٹر میامی نے 2023 میں لیگز کپ کی ٹرافی جیتی تھی، جبکہ 2025 میں ٹیم فائنل میں پہنچی جہاں اسے سیئٹل ساؤنڈرز کے ہاتھوں 3-0 کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں