ملتان: پاکستان کسان اتحاد اور سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ’’قوم کی حیات‘‘ شہدا کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں کمشنر ملتان، سی پی او ملتان، پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر، شہدا کے اہلِ خانہ اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
کانفرنس میں پاک فوج، پولیس اور دورانِ ڈیوٹی وطن و قوم کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہدا کے ورثا کو یادگاری سووینئرز بھی پیش کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیں اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے ادا کرنے کا درس دیتی ہیں۔ آج کا دن تجدیدِ عہد کا دن ہے، ہمیں پاکستان کی تعمیر و ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پولیس دہشت گردی کے خلاف مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔
سی پی او ملتان نے اپنے خطاب میں کہا کہ امن کے قیام کے لیے اتحاد اور باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ ہم سب مل کر ملتان کو امن کا گہوارہ بنا سکتے ہیں۔
مرکزی صدر پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے شہدا کے ورثا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہدا کے خاندانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ان عظیم خاندانوں کا قرض کبھی ادا نہیں کیا جا سکتا۔
کانفرنس کے دوران شہدا کے اہلِ خانہ نے اپنے پیاروں کی قربانیوں اور ان سے وابستہ یادیں شرکا کے ساتھ شیئر کیں، جس سے تقریب میں جذباتی ماحول پیدا ہوگیا۔
اختتام پر شرکا نے ملک کی سلامتی، امن، قومی اتحاد اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور قومی یکجہتی کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔