میسی کے والد کے انتقال پر رونالڈو کا جذباتی پیغام، مداحوں نےخوب سراہا

10:18 AM, 13 Aug, 2026

لزبن : فٹبال کی دنیا کے دو بڑے نام کرسٹیانو رونالڈو اور لیونل میسی کئی برس تک میدان میں ایک دوسرے کے سخت حریف رہے، تاہم میسی کے والد خورخے میسی کے انتقال پر رونالڈو نے ہمدردی کا اظہار کرکے ایک بار پھر باہمی احترام کی مثال قائم کردی۔

لیونل میسی کے والد خورخے میسی 68 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ وہ اپنے بیٹے کے فٹبال کیریئر میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ طویل عرصے تک ان کے نمائندے کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

والد کی وفات پر میسی نے سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی اور جذباتی انداز میں اپنی محبت کا اظہار کیا۔ ان کی پوسٹ پر دنیا بھر سے مداحوں اور فٹبال سے وابستہ شخصیات نے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔

کرسٹیانو رونالڈو نے بھی میسی کے غم میں شریک ہوتے ہوئے ایک مختصر مگر پُرخلوص پیغام بھیجا۔ پرتگالی سٹار نے میسی اور ان کے اہلخانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں اور انہیں حوصلہ رکھنے کی تلقین کی۔

رونالڈو کے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی اور ہزاروں افراد نے اسے پسند کیا۔ مداحوں نے رونالڈو کے اس اقدام کو کھیل سے بالاتر انسانی ہمدردی اور احترام کی خوبصورت مثال قرار دیا۔

رونالڈو اور میسی نے اپنے کیریئر کے ایک طویل عرصے کے دوران فٹبال کے میدان میں ایک دوسرے کو سخت مقابلہ دیا۔ دونوں کے درمیان مقابلے نے عالمی فٹبال کو کئی یادگار لمحات دیے، لیکن میدان سے باہر ایک دوسرے کے لیے احترام بھی کئی مواقع پر نمایاں ہوا ہے۔

میسی کے والد کے انتقال پر رونالڈو کا تعزیتی پیغام اسی باہمی احترام کی ایک اور مثال بن گیا، جسے فٹبال شائقین کی جانب سے مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔

مزیدخبریں