تھریڈز کے صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے متجاوز، ایکس کے قریب پہنچ گیا

06:32 PM, 13 Aug, 2025

کیلیفورنیا:میٹا کی جانب سے متعارف کردہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز نے اپنی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ کرتے ہوئے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 40 کروڑ سے زائد کر لی ہے۔ یہ انکشاف انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے حال ہی میں ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ کچھ ہفتے قبل تھریڈز نے یہ سنگ میل عبور کیا، جو پلیٹ فارم کی تیز رفتار ترقی کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ خاطر خواہ کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، لیکن پلیٹ فارم کو بہتر بنانے کے لیے ابھی بھی کئی پہلوؤں پر کام جاری ہے۔

اس سے قبل اپریل 2025 کے آخری ہفتے میں میٹا کے سی ای او نے بتایا تھا کہ تھریڈز کے ماہانہ صارفین کی تعداد 35 کروڑ ہو چکی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ محض تین ماہ کے عرصے میں پانچ کروڑ نئے صارفین اس نیٹ ورک کا حصہ بنے۔

ادھر ایکس (پہلے ٹوئٹر) اس وقت بھی 60 کروڑ ماہانہ صارفین کے ساتھ سرفہرست ہے، لیکن ماہرین کا ماننا ہے کہ تھریڈز جس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، وہ جلد ہی ایکس کو پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

تازہ ترین تجزیاتی رپورٹ کے مطابق، جون 2025 میں موبائل ایپ کے ذریعے تھریڈز کو روزانہ 11 کروڑ 51 لاکھ بار استعمال کیا گیا، جبکہ ایکس کے روزانہ موبائل صارفین 13 کروڑ 20 لاکھ رہے۔ دونوں کے درمیان فرق مسلسل کم ہو رہا ہے۔

تاہم ویب براؤزر کے ذریعے استعمال میں تھریڈز اب بھی خاصا پیچھے ہے۔ جون میں ایکس کے ویب صارفین کی اوسط یومیہ تعداد 14 کروڑ سے زائد رہی، جبکہ تھریڈز کی ویب پر روزانہ رسائی صرف 69 لاکھ تک محدود رہی۔

ان اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ تھریڈز موبائل پلیٹ فارم پر تیزی سے ایک نمایاں مقام حاصل کر رہا ہے، مگر ویب پر اس کی موجودگی کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں