راولپنڈی : آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جہاں دونوں رہنماؤں نے اہم معاملات اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں کرنل جنرل کریم ولیئیف نے پاک فوج کی معرکہ حق میں شاندار کارکردگی کو سراہا جبکہ فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے آذربائیجان کی طرف سے پاکستانی عوام کی حمایت اور یوم آزادی کی تقریب میں آذری دستے کی شرکت پر بھی خصوصی شکریہ کیا۔
ملاقات کے دوران کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو "پیٹریاٹک وار میڈل" سے نوازا جو صدر الہام علیئیف کی جانب سے پاک فوج کے ساتھ فوجی تعاون میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور دفاعی تعاون بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے پاک فوج کی جانب سے دی گئی شاندار میزبانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔
جی ایچ کیو پہنچنے پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور انہوں نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے۔