اسرائیلی فضائیہ کے پائلٹوں کا غزہ جنگ کے خلاف احتجاج، فوری جنگ بندی کا مطالبہ

04:08 PM, 13 Aug, 2025

تل ابیب : تل ابیب میں اسرائیلی فضائیہ کے پائلٹوں اور ریزرو اہلکاروں نے غزہ پر جاری جنگ کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے فوجی ہیڈکوارٹرز کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے نہ صرف جنگ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا بلکہ غزہ پر مزید حملوں کی منصوبہ بندی کی بھی مخالفت کی۔

یہ احتجاج اس وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے نتیجے میں انسانی بحران خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔ صرف آج کے دن 89 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ بھوک اور طبی سہولیات کی کمی کے باعث دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ غذائی قلت سے اب تک 227 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 103 بچے شامل ہیں۔

اسرائیل میں یہ پہلا موقع نہیں کہ جنگ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں — اس سے قبل اساتذہ، دانشور، اور سابق فوجی بھی جنگ بند کرنے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ اب فضائیہ کے پائلٹوں کا احتجاج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اسرائیلی معاشرے کے اندر بھی اس جنگ پر شدید اختلاف پایا جاتا ہے۔

دریں اثنا، برطانیہ، فرانس اور دیگر 27 یورپی ممالک نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو ممکن بنائے۔ عالمی برادری کا کہنا ہے کہ غزہ کا انسانی بحران اب ناقابلِ تصور حدوں تک پہنچ چکا ہے۔

مزیدخبریں